پیکٹا :قواعد وضوابط کی منظوری کے بغیر بھرتیوں کاانکشاف

پیکٹا :قواعد وضوابط کی منظوری کے بغیر بھرتیوں کاانکشاف

ڈائریکٹر اور ڈی ڈیزکے انٹرویوز منسوخ، ایم ڈی کی تنخواہیں بھی روک دی گئیں

لاہور(عاطف پرویز سے ) پنجاب ایجوکیشن کریکولم ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی میں قواعد و ضوابط کی منظوری کے بغیر بھرتیوں کا انکشاف سامنے آ گیا ہے ، جس کے بعد محکمہ خزانہ کے بعد اعتراضات بھرتیوں کا جاری عمل روک دیا ہے ۔ نہ صرف ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کے انٹرویوز منسوخ کر دیے گئے ہیں بلکہ منیجنگ ڈائریکٹرز کی تنخواہیں بھی روک دی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیکٹا میں بغیر منظور شدہ رولز کے بھرتیوں کا آغاز کیا گیا تھا، جس پر محکمہ خزانہ نے باضابطہ طور پر اعتراضات عائد کیے ۔ بتایا گیا ہے کہ ادارے میں بھاری تنخواہوں پر بھرتیاں کی جا رہی تھیں، جہاں تین منیجنگ ڈائریکٹرز کو دس، دس لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر تعینات کیا گیا تھا۔ محکمہ خزانہ کے اعتراضات سامنے آنے کے بعد ان ایم ڈیز کی تنخواہیں فوری طور پر روک دی گئی ہیں۔دستاویزات کے مطابق پیکٹا میں سات ڈائریکٹرز کی بھرتیاں تاحال ہونا باقی ہیں، جبکہ ڈائریکٹر کے بعد ڈپٹی ڈائریکٹرز کی آسامیوں کے لیے درخواستیں پہلے ہی طلب کی جا چکی تھیں۔ تاہم محکمہ خزانہ نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ جب تک بھرتیوں کے قواعد و ضوابط کی باقاعدہ منظوری نہیں دی جاتی، اس وقت تک کسی بھی قسم کی بھرتی کا عمل قانوناً آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں