آئی جی ریلوے رائے طاہر ریٹائر، پولیس لائنز میں تقریب
چاق و چوبند دستے کی سلامی ، افسروں نے آئی جی کو یادگاری سوینئر پیش کئے
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے ) انسپکٹر جنرل ریلویز پولیس رائے طاہر (ہلالِ شجاعت، ستارۂ امتیاز) اپنی مدتِ ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہو گئے ۔ ان کے اعزاز میں صغیر ریلویز پولیس لائنز لاہور میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی عبدالرب چودھری نے آئی جی ریلویز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ رائے طاہر ایک بااصول، باوقار اور دیانت دار افسر ہیں، جن کی قیادت میں ریلویز پولیس میں قابلِ قدر اصلاحات متعارف کرائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئی جی ریلویز پولیس کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کے خواہاں ہیں۔اس موقع پر رائے طاہر نے گفتگو کرتے ہوئے سینئر و جونیئر افسران اور سٹاف سے تشکر کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈی آئی جیز سمیت افسران اور معزز مہمانوں نے آئی جی ریلویز پولیس کو یادگاری سووینئرز پیش کیے ۔آخر میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے جنرل سلامی پیش کی۔