2خواتین چور گرفتار، 59لاکھ نقدی، 14تولے سونابرآمد
برآمد شدہ مالِ مسروقہ مدعی مقدمہ کے حوالے ،بڑی واردات کا معمہ حل
لاہور (کرائم رپورٹر)لوہاری کے علاقے میں شہری کے گھر سے لاکھوں روپے نقدی اور طلائی زیورات چوری ہونے کی بڑی واردات کا معمہ پولیس نے حل کر لیا۔انچارج انویسٹی گیشن تھانہ لوہاری گیٹ عباس الحسن نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے 2 خواتین ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں شموں چنگڑ گینگ کی 2 مرکزی خواتین ملزمان شامل ہیں جن کے قبضے سے 59 لاکھ روپے نقدی اور 14 تولے سونا برآمد کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق خواتین ملزمان نے گھر والوں کی عدم موجودگی میں گھر کے تالے توڑ کر نقدی اور زیورات چوری کیے تھے ۔انچارج انویسٹی گیشن کے مطابق گرفتار خواتین ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور ان کیخلاف مختلف تھانوں میں درجنوں مقدمات درج ہیں۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے برآمد شدہ مالِ مسروقہ مدعی مقدمہ کے حوالے کر دیا۔