رائیونڈ سہولت بازار فیز ٹو،203سٹالز کی تزئین وآرائش
کاروباری سرگرمیوں کا آغا ز،شہریوں کوسستی اشیاملیں گے :سٹال ہولڈرز
لاہور (این این آئی)رائے ونڈ سہولت بازار فیز ٹو میں کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رائے ونڈ سہولت بازار فیز ٹو قائم کیا گیا جس میں قرعہ اندازی کے ذریعے 203خوش نصیب افراد میں سٹال الاٹ کئے گئے جنہوں نے اپنے سٹالوں کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کرنے کے بعد کاروباری سرگرمیوں کا آغا ز کردیا ۔ رائے ونڈ سہولت بازار فیز ٹو کے قیام کے بعد شہر کے تجارتی مراکز میں مہنگی خریداری سے عوام کو نجات ملے گی ،سہولت بازار میں سستی اور معیاری اشیا کی خریداری سرکاری نرخوں سے بھی کم پر ممکن ہو سکے ۔مزید برآں سہولت بازار فیز ٹو میں گارمنٹس ،جیولری ،فوڈ سٹریٹ ،چکن ،بیڈ شیٹس،کلاتھ سیکشن کے علاوہ دیگر مختلف کاروبار شروع کئے جارہے ہیں ۔سہولت بازار فیز ٹو کے قیام سے سینکڑوں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آنے کے ساتھ ساتھ شہر میں مہنگائی ،بے روزگاری اور تجاوزات کا خاتمہ یقینی ہو جائے گا۔سٹال ہولڈرز نے رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوام دوست رکن اسمبلی ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔