بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور فیز ٹو دوبارہ فعال کرنیکافیصلہ
مجوزہ منصوبہ بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور کے ساتھ براہ راست منسلک ہوگا
لاہور (شیخ زین العابدین) بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور فیز ٹو کو دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے منصوبے کو آئندہ مالی سال دو ہزار چھبیس ستائیس کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کیلئے باقاعدہ سمری پنجاب حکومت کو بھجوا دی ہے ۔ایل ڈی اے کی جانب سے ارسال کی گئی سمری میں گلشن راوی سے بابو صابو تک ایک اعشاریہ آٹھ کلومیٹر طویل سڑک کی توسیع کیلئے تین ارب ستانوے کروڑ روپے سے زائد فنڈز مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ مجوزہ منصوبہ بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور کے ساتھ براہ راست منسلک ہوگا۔بند روڈ پراجیکٹ کا پہلا مرحلہ 4 ستمبر 2024 کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا تھا، تاہم گلشن راوی سے بابو صابو تک کا حصہ منصوبے میں شامل نہ کیا جا سکا تھا۔ اب تقریباً ایک سال آٹھ ماہ بعد ایل ڈی اے نے ادھورے رہ جانے والے سیکشن کو مکمل کرنے کیلئے دوبارہ پیش رفت شروع کر دی ہے ۔فی الوقت اس علاقے میں قائم سروس روڈ صرف ساڑھے چار میٹر چوڑی ہے ، جہاں بڑھتی ٹریفک کے باعث شدید دباؤ دیکھنے میں آتا ہے ۔ تنگ گزرگاہ ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں معمول بن چکی ہیں جبکہ شہریوں کو روزانہ سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔