تعطیلات ، تمام سکول سٹاف کو اداروں میں حاضر رہنے کاحکم
لاہور(خبر نگار)موسم گرما کی تعطیلات کے پہلے ہی روز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے تمام سکول سٹاف کو اداروں میں حاضر ہونے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
اساتذہ کو انٹرمیڈیٹ امتحانات کے دوران ضرورت پڑنے پر امتحانی ڈیوٹی کیلئے بھی طلب کیا جا سکے گا۔محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق پہلے سے امتحانی ڈیوٹی پر تعینات اساتذہ سکول حاضر نہیں ہوں گے ، جبکہ دیگر تدریسی و غیر تدریسی عملے کو 22 اور 25 مئی کو سکولوں میں موجود رہنے کا پابند بنایا گیا ہے ۔سکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ امتحانی مراکز میں نگرانی کیلئے ضرورت کے مطابق نیا سٹاف فراہم کیا جائے ، جبکہ نگران عملہ کم پڑنے کی صورت میں سکول سٹاف کو قریبی امتحانی مراکز میں بھی تعینات کیا جا سکے گا۔