6 اتھارٹیز سے ایس ٹی آئیز کو تنخواہیں نہ دینے پر جواب طلب
مختلف اضلاع میں سکول ٹیچرز انٹرنز کو پچھلے دو ماہ سے تنخواہیں نہ مل سکیں
لاہور(خبر نگار )عید الاضحی کے موقع پر بھی اساتذہ کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر محکمہ سکول ایجوکیشن حرکت میں آ گیا۔ محکمہ نے چھ ایجوکیشن اتھارٹیز سے سکول ٹیچرز انٹرنز کو تنخواہیں نہ دینے پر جواب طلب کر لیا۔ذرائع کے مطابق متعدد اضلاع میں سکول ٹیچرز انٹرنز کو گزشتہ دو ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہو سکی، جس کے باعث اساتذہ عید بغیر تنخواہ منانے پر مجبور ہیں۔ تنخواہوں میں تاخیر کے باعث اساتذہ میں شدید تشویش اور بے چینی پائی جا رہی ہے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے متعلقہ افسران سے فوری وضاحت طلب کرتے ہوئے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کی وجوہات معلوم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور عیدی اخراجات کے دوران تنخواہوں کی عدم ادائیگی نے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ وہ جلد ادائیگی کے منتظر ہیں۔