ستمبر :خواتین کیخلاف مختلف جرائم کے 1916مقدمات
گھریلو تشدد کے 20ہزار، 248کیسز کی انکوائری جاری : سیف سٹیز اتھارٹی
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے ستمبر 2026 کے دوران خواتین کو تحفظ، فوری مدد اور قانونی رہنمائی فراہم کرتے ہوئے مجموعی طور پر 41 ہزار 903 کیسز میں معاونت کی۔ اتھارٹی کی جانب سے خواتین کے خلاف ہراسانی، تشدد اور دیگر جرائم کے واقعات پر فوری رسپانس اور قانونی کارروائی یقینی بنانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق ستمبر کے دوران خواتین کے خلاف مختلف جرائم کے ایک ہزار 916 مقدمات درج کیے گئے ، جبکہ 248 کیسز میں انکوائری جاری ہے ۔ اس عرصے میں گھریلو تشدد کے 20 ہزار 572 کیسز رپورٹ ہوئے ، جن میں سے سیف سٹیز اتھارٹی کی معاونت سے 20 ہزار 107 کیسز حل کیے گئے ۔ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن خواتین کو ایف آئی آر کے اندراج سے لے کر تفتیش اور ٹرائل تک تمام مراحل میں رہنمائی فراہم کر رہا ہے ۔ متاثرہ خواتین کے لیے پوسٹ ایف آئی آر فالو اپ سروس، کیس ٹریکنگ پورٹل اور ایف آئی آر سے متعلق معاونت کی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ خواتین اپنی شناخت اور پتہ ظاہر کیے بغیر بھی اپنے مسائل ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کے ساتھ شیئر کر سکتی ہیں۔ پنجاب بھر سے خواتین روزانہ کی بنیاد پر اس سہولت سے رابطہ کرکے مدد اور قانونی رہنمائی حاصل کر رہی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments