میو ہسپتال : ایم آر آئی مشین میں فنی خرابی ، ٹیسٹ بند
سرجیکل ٹاور میں موجود سٹی سکین مشین بھی غیر فعال ، مریض پریشان
لاہور ( بلال چودھری )میو ہسپتال لاہور کی اہم تشخیصی مشینیں خراب ہو گئیں، ایم آر آئی مشین میں فنی خرابی کے باعث ٹیسٹ بند ہو گئے جبکہ سرجیکل ٹاور میں موجود سٹی سکین مشین بھی غیر فعال ہو گئی۔ذرائع کے مطابق ہسپتال میں داخل سیریس مریضوں کو ایم آر آئی ٹیسٹ کیلئے دوسرے سرکاری ہسپتالوں خصوصاً گنگا رام ہسپتال ریفر کیا جانے لگا ہے ۔ اہم تشخیصی ٹیسٹ بروقت نہ ہونے سے مریضوں کے علاج معالجہ میں بھی تاخیر ہو رہی ہے ۔ہسپتال میں داخل مریضوں کو شدید مشکلات اور اذیت کا سامنا ہے ، دور دراز سے آئے مریض خوار ہونے لگے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی مریضوں کو مجبوراً نجی لیبز سے مہنگے ٹیسٹ کروانا پڑ رہے ہیں۔مریضوں اور لواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ فوری طور پر ایم آر آئی اور سٹی سکین مشینوں کی بحالی کیلئے اقدامات کرے ۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اہم تشخیصی ٹیسٹ نہ ہونے سے مریضوں کی تشخیص اور علاج متاثر ہو رہا ہے ۔ دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ جلد ہی ایم آر آئی مشین کو ٹھیک کروا لیا جائے گا اور سروس بحال کر دی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments