محکمہ سکولز:نان ٹیچنگ سٹاف کی بھی ریشنلائزیشن کرنے پر غور
عملے کی ضرورت کا ازسرنو جائزہ لے کر مزید خالی اسامیاں ختم کیے جانے کا امکان
لاہور(خبر نگار )محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے اساتذہ کے بعد نان ٹیچنگ سٹاف کی ریشنلائزیشن کرنے پر بھی غور شروع کر دیا ہے ، جس کے تحت محکمے کے انتظامی دفاتر میں عملے کی ضرورت کا ازسرنو جائزہ لے کر مزید خالی اسامیاں ختم کیے جانے کا امکان ہے ۔ اس سے قبل ریشنلائزیشن کا دائرہ کار صرف سرکاری سکولوں تک محدود تھا، تاہم اب اسے محکمہ سکول ایجوکیشن کے انتظامی ڈھانچے تک بڑھانے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے نان ٹیچنگ سٹاف کی ریشنلائزیشن کے لیے ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) شاہد فرید کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ کمیٹی عملے کی دستیابی، ضرورت اور تعیناتی کا جائزہ لے کر ریشنلائزیشن کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمے میں عملے کی ضرورت کا تعین کرتے ہوئے غیر ضروری اور خالی اسامیوں کو ختم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ، جبکہ انتظامی دفاتر میں بھی افسران اور ملازمین کی ذمہ داریوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا ۔دوسری جانب محکمہ سکول ایجوکیشن نے افسران کی رہائش گاہوں پر کام کرنے والے درجہ چہارم کے ملازمین کو بھی واپس اپنے متعلقہ سکولوں میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ملازمین کو اپنی اصل تعیناتی کے مقام پر فرائض سرانجام دینے کا پابند بنایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments