پنجاب یونیورسٹی کے 2پروفیسرز کومعطل کرکے کارروائی کی ہدایت
قائمہ کمیٹی کا انکوائری2ہفتوں کے دوران مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کاحکم
لاہور (سیاسی نمائندہ) پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہائر ایجوکیشن نے پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسرز اظہر نعیم اور کامران عابد کو فوری معطل کرنے اور ان کے خلاف پیڈ ایکٹ کے تحت کارروائی کے احکامات جاری کر دیے ۔ کمیٹی نے یونیورسٹی انتظامیہ کو دونوں پروفیسرز کی بھرتیوں اور 2014 میں ہونے والی ترقیوں سے متعلق انکوائری دو ہفتوں میں مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ دوسری جانب متعلقہ اساتذہ نے کارروائی کو یک طرفہ قرار دیتے ہوئے وائس چانسلر پر مالی و انتظامی بدانتظامی کی نشاندہی کرنے پر انتقامی کارروائی کا الزام عائد کیا ہے ۔قائمہ کمیٹی برائے ہائر ایجوکیشن کا اجلاس ایم پی اے سمیرا سعید کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور رجسٹرار سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی راجہ شوکت بھٹی کی جانب سے پیش کی گئی تحریک کے تناظر میں دونوں پروفیسرز کی بھرتیوں اور 2014 میں ترقیوں کا معاملہ زیر بحث آیا۔ اجلاس میں سمیرا سعید نے ہدایت کی کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ دو ہفتوں میں انکوائری مکمل کرکے رپورٹ قائمہ کمیٹی کے سامنے پیش کرے ۔ راجہ شوکت بھٹی نے دونوں پروفیسرز کی 2014 میں ترقیوں کے لیے اہلیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان پر سنڈیکیٹ کے فیصلوں کو نظر انداز کرنے کے الزامات ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments