واسا سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی فنڈنگ کا طریقہ طے
مجموعی لاگت 32ارب،ایشیائی بینک 25ارب، پنجاب حکومت 7ارب دیگی
لاہور( سٹاف رپورٹر سے )واسا لاہور کے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی فنڈنگ کا طریقہ کار طے کر لیا گیا۔ منصوبے کی مجموعی لاگت اکتیس ارب اٹھاسی کروڑ چوالیس لاکھ نوے ہزار روپے ہے ۔ اس میں ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک پچیس ارب اڑسٹھ کروڑ روپے فراہم کریگا، جبکہ پنجاب حکومت چھ ارب اسی کروڑ روپے کی فنڈنگ دے گی۔منصوبے کے پہلے مرحلے میں راوی سائفن سے حاصل ہونیوالے ایک کیوسک پانی کو ٹریٹ کرکے قابلِ استعمال بنایا جائے گا۔ مستقبل میں پلانٹ کی استعداد بڑھا کر دو ہزار چالیس تک ایک ہزار کیوسک پانی صاف کرنے کے قابل بنانے کا منصوبہ ہے ۔سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ ایک سو بیس ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جائے گا۔ واسا اب تک منصوبے کیلئے چورانوے ایکڑ اراضی ایکوائر کر چکا ہے ۔اس منصوبے کی کنسیپٹ کلیئرنس کمیٹی نے پانچ دسمبر دو ہزار سترہ کو منظوری دی تھی، جبکہ وفاقی حکومت کی ایکنک کمیٹی نے انتیس اپریل دو ہزار انیس کو اس کی منظوری دی۔ تاہم سابقہ دورِ اقتدار میں منصوبے پر عملی پیشرفت نہ ہو سکی۔اب پنجاب حکومت کی جانب سے فنڈنگ کے طریقہ کار کی منظوری اور منصوبے کو گرین سگنل ملنے کے بعد اسکی تعمیر کی جانب پیشرفت کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔ منصوبے کی تکمیل سے نہری پانی کو ٹریٹ کرکے لاہور کی پانی کی ضروریات کیلئے استعمال کرنے کی صلاحیت پیدا کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments