بجلی چوروں کیخلاف بلاامتیاز آپریشن کیا جائیگا،چودھری خالد

بجلی چوروں کیخلاف بلاامتیاز آپریشن کیا جائیگا،چودھری خالد

ملتان (خصوصی رپورٹر)جنرل منیجر ٹیکنیکل میپکو انجینئر چودھری خالد محمود نے ملتان سرکل کے تمام ایگزیکٹو انجینئرز کو ریکوری اور لائن لاسز کے اہداف حاصل کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں اور رواں ماہ کے اختتام تک مقرر کردہ اہداف حاصل نہ کرنے والے افسروں کے خلاف پاکستان واپڈا ایمپلائز ای اینڈ ڈی رولز 1978ء کے تحت کاروائی کرنیکا عندیہ دیدیاہے ۔

 وہ میپکو ملتان سرکل کے افسروں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سرکل کے ہارڈ ایریاز میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیاجائے اور ٹارگٹڈ آپریشن کرکے قومی جرم میں ملوث بجلی چوروں کو منطقی انجام تک پہنچایاجائے ۔شہر میں تجارتی مراکز /شاپنگ سنٹرز/ پلازوں/ پرائیویٹ ہسپتالوں /لیبارٹریزکے کنکشنوں کی رات کے اوقات میں خصوصی طورپر چیکنگ کی جائے ۔ انڈی پینڈنٹ ٹرانسفارمرز کے حامل پرائیویٹ کمرشل صارفین کا لوڈ چیک کیاجائے اور سکیننگ میٹرز لگائے جائیں ۔ بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات کا اندراج کروایاجائے اور ان کو گرفتارکروانے کیلئے پولیس فورس سے رابطہ رکھاجائے ۔ جنرل منیجر ٹیکنیکل نے ایگزیکٹو انجینئرز کینٹ /سٹی/ممتازآباد/شاہ رکن عالم /شجاع آبادڈویژنوں کو ہدایت کی کہ ہائی لاس فیڈرز پر نقصان کی شرح کم کرنے کے لئے ٹرانسفارمرز پر چیک میٹرز نصب کئے جائیں ۔ خراب اور جلنے والے میٹرز بھی فوری تبدیل کئے جائیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں