تحصیل ہسپتال میں سہولیات کا فقدان :عائشہ نذیر ،عارفہ نذیر

 تحصیل ہسپتال میں سہولیات کا فقدان :عائشہ نذیر ،عارفہ نذیر

سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں کو کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا

بورے والا (سٹی رپورٹر ) پی ٹی آئی کی ایم این اے عائشہ نذیر جٹ اور سابق ٹکٹ ہولڈر ایم پی اے گگو ڈاکٹر عارفہ نذیر جٹ نے ٹی ایچ کیو ہسپتال بوریوالا میں طبی سہولیات کی شدید کمی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال بوریوالا اور گردونواح کے لاکھوں شہریوں کے لیے علاج معالجے کا واحد بڑا سرکاری مرکز ہے ، مگر یہاں مختلف شعبوں کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں کو کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے اور بعض اوقات علاج کے بغیر واپس بھیج دیا جاتا ہے ۔ ایمرجنسی وارڈ میں عملے کی کمی اور سہولیات کی محدودیت کے باعث بروقت طبی امداد فراہم کرنا ممکن نہیں، جس سے مریض اور ان کے لواحقین ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ادویات کی قلت کے باعث مریضوں کو باہر سے مہنگی دوائیں خریدنی پڑتی ہیں جبکہ جدید طبی مشینری نہ ہونے کی وجہ سے تشخیص کے لیے نجی لیبارٹریوں کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔ ایمبولینس سروس کی ناکافی صورتحال کے باعث دیہی علاقوں سے آنے والے مریض بھی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں