کپاس کی کامیاب فصل کیلئے زمین کی درست تیاری ضروری
کاشت سے پہلے کھیت ہموار کرنے کیلئے لیزر لینڈ لیولر کا استعمال کرنے کا مشورہ
ملتان (وقائع نگار خصوصی) کپاس کے کاشتکاروں کے لیے زمین کی درست تیاری فصل کی کامیابی کی بنیاد ہے ۔ سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کی ڈائریکٹر صباحت حسین نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ کپاس کی کاشت سے پہلے کھیت کو ہموار کرنے کے لیے لیزر لینڈ لیولر کا استعمال کریں۔ اس جدید طریقے سے زمین کی ہمواری ممکن ہوتی ہے ، جس سے پانی اور کھاد کی 15 سے 20 فیصد تک بچت اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہے ۔صباحت حسین نے کہا کہ ہموار زمین میں پانی یکساں طور پر پھیلتا ہے ، جس سے کپاس کے تمام پودوں کو برابر مقدار میں پانی ملتا ہے اور فصل کی متوازن نشوونما ہوتی ہے ۔ ناہموار زمین میں پانی کھڑا رہنے سے فصل بیماریوں کا شکار ہو سکتی ہے اور پیداوار متاثر ہو سکتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کے لیے میرا اور زرخیز زمین موزوں ہے ، جبکہ کلراٹھی، سیم زدہ، ریتلی اور چکنی زمین غیر موزوں سمجھی جاتی ہے ۔ تاہم زرعی ماہرین کے مشورے سے پٹڑیوں کے ذریعے ایسی زمینوں پر بھی کامیاب کاشت ممکن ہے ۔ صباحت حسین نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ زمین کی تیاری کے اس ابتدائی مرحلے پر خصوصی توجہ دیں اور جدید زرعی طریقے اپنائیں تاکہ فصل صحت مند اور زیادہ منافع بخش ہو۔