چھوٹی جماعتوں کیلئے نیا کورس متعارف کرانے کا فیصلہ

چھوٹی جماعتوں کیلئے نیا کورس متعارف کرانے کا فیصلہ

کمسن طلبہ کو کتابوں کے بوجھ سے نجات دلانے کیلئے نئی سکیم کی منظوری ، اقدام کا مقصد بچوں پر تعلیمی دباؤ میں کمی بنیادی مہارتیں،موسمیاتی تبدیلی سے آگاہی،مالی خواندگی ،سماجی علوم اور شہری تعلیم کا مضمون شامل

ملتان(خصوصی رپورٹر)چھوٹے بچوں کو کتابوں کے بوجھ سے نجات دلانے کافیصلہ،نئے کورس کی منظوری دیدی گئی تفصیل کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک بھر کے سکولوں میں ابتدائی جماعتوں کے طلبہ کے لئے موزوں اور بوجھ سے پاک نصاب متعارف کرانے کافیصلہ کرلیا اور قومی نصاب کے تحت مطالعے کی نئی سکیم کی اصولی منظوری دے دی ہے ۔بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں ایک تکنیکی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نئے نصاب کی منظوری دی گئی جس کا بنیادی مقصد نرسری سے گریڈ ٹو تک کے بچوں پر تعلیمی دباؤ کم کرنا اور انہیں زیادہ بامعنی، عملی اور روزمرہ زندگی سے جڑے مضامین سے روشناس کرانا ہے ۔

حکام کے مطابق موجودہ نظام میں ابتدائی جماعتوں کے طلبہ غیر ضروری بوجھ کا شکار ہیں، جس کے باعث ان کی سیکھنے کی صلاحیت متاثر ہو رہی ہے ۔نئے نصاب میں بچوں کی ہمہ جہت تربیت کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید تقاضوں کے مطابق مضامین شامل کئے جا رہے ہیں۔ ان میں زندگی بچانے کی بنیادی مہارتیں، موسمیاتی تبدیلی سے آگاہی، مالی خواندگی اور ایک نئے انداز میں متعارف کرایا جانے والا سماجی علوم و شہری تعلیم کا مضمون شامل ہے ، جس کا مقصد بچوں میں بہتر شہری شعور اجاگر کرنا ہے ۔ذرائع کے مطابق نئے نصاب کو آئندہ تعلیمی سیشن سے نافذکیاجائے گاجس پر اسلام آباد، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان نے رضامندی ظاہر کردی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں