پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب میں آج بھی مقبول جماعت ،جمیل بخاری
آزاد کشمیر دوسرے مرحلے کے انتخابات شفاف و غیر جانبدار ہونے چاہئیں،گفتگو
مونڈکا (نامہ نگار)پیپلز پارٹی ضلع مظفرگڑھ کے سینئر نائب صدر اور حلقہ پی پی 271 کے ٹکٹ ہولڈر سید جمیل بخاری نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے دوسرے مرحلے کے انتخابات آزاد، شفاف اور غیر جانبدار ہونے چاہئیں، کیونکہ منصفانہ انتخابی عمل ہی جمہوریت کے استحکام کی ضمانت ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پہلے مرحلے کے انتخابات میں بدترین دھاندلی کے ذریعے عوام کے ووٹ کی اہمیت کو متاثر کیا گیا، اس لیے دوسرے مرحلے میں ایسی کسی کوشش سے گریز کیا جائے ۔یہ بات انہوں نے بانر شریف کے رہائشی سید طارق ندیم شاہ اور سید طیب طارق شاہ سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے انہیں پیپلز پارٹی ضلع مظفرگڑھ کا تنظیمی عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی یوتھ کے رہنما سید احمد حماد بخاری بھی موجود تھے۔
سید جمیل بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن اور جیالے ہر غیر جمہوری ہتھکنڈے کا جمہوری انداز میں مقابلہ کریں گے اور عوام کے حقِ رائے دہی کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی جنوبی پنجاب کی مقبول عوامی جماعت ہے ، تاہم بعض منتخب نمائندوں نے نظریاتی کارکنوں کو نظر انداز کیا، جو مناسب طرزِ عمل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ کارکنوں کو ان کی وابستگی، جدوجہد اور نظریے کی بنیاد پر اہمیت دیتی ہے ، نہ کہ ذاتی حیثیت یا مفادات کی بنیاد پر۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے کارکنوں کو ہر سطح پر ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی جاری رکھی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments