واٹر فلٹریشن پلانٹس خراب،شہری مضرصحت پانی پینے لگے
زنگ آلود ٹینکیاں، ناقص صفائی ،پرانے فلٹرز، کمشنر و ڈی سی سے نوٹس کا مطالبہ
جودھ پور،بارہ میل (نمائندہ دنیا) کبیروالا میں کروڑوں روپے کی لاگت سے قائم کیے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹس مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث شہریوں کے لیے تشویش کا باعث بن گئے ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق ابتدائی عرصے میں یہ منصوبہ سرکاری نگرانی میں مؤثر انداز سے چلتا رہا، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اس کی دیکھ بھال کو نظر انداز کر دیا گیا۔ بیشتر فلٹریشن پلانٹس پر صفائی کا انتظام انتہائی ناقص ہے جبکہ پانی ذخیرہ کرنے والی ٹینکیاں زنگ آلود ہو چکی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی ماہ سے فلٹر تبدیل نہیں کیے گئے جس کے باعث پانی کی رنگت اور معیار متاثر ہو گیا ہے۔
متعدد فلٹریشن پلانٹس بند پڑے ہیں جبکہ فعال پلانٹس سے فراہم کیا جانے والا پانی بھی مضر صحت قرار دیا جا رہا ہے۔ خراب صورتحال کے باعث لوگوں نے گھروں اور دکانوں کے لیے ان پلانٹس سے پانی لینا تقریباً بند کر دیا ہے ۔ اہل علاقہ کے مطابق آلودہ پانی کے استعمال سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ شہریوں نے کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر خانیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فوری مرمت، صفائی، فلٹرز کی تبدیلی اور باقاعدہ نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کیا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments