ضلعی ہسپتال خانیوال میں طبی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت
اے ڈی سی منور عباس کملانہ کا دورہ، ایمرجنسی، او پی ڈی اور پیڈز وارڈ کا معائنہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صحت مند پنجاب ویژن کے تحت سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات اور سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات جاری ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز منور عباس کملانہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خانیوال کا دورہ کیا اور ایمرجنسی، او پی ڈی، پیڈز سمیت مختلف شعبہ جات میں طبی سہولیات، صفائی کی صورتحال اور ڈاکٹرز و دیگر عملے کی حاضری کا جائزہ لیا۔انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ادویات کی دستیابی بارے معلومات حاصل کیں اور ہسپتال انتظامیہ کو سروس ڈیلیوری میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈینٹل یونٹ کی اپ گریڈیشن کے جاری کام کا بھی معائنہ کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو دستیاب وسائل کے مطابق بہترین علاج معالجہ فراہم کیا جائے ۔انہوں نے ہسپتال میں اربن فارسٹنگ کے لیے مختص جگہ کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو شجرکاری کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں صفائی، علاج اور دیگر سہولیات کے معیار کو بہتر بنانا انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments