کمشنر کا ماڈل ایگری مال کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا

کمشنر کا ماڈل ایگری مال کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے حال ہی میں مکمل ہونے والے ماڈل ایگری مال کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی زرعی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

22 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جانے والا یہ ماڈل ایگری مال علاقے میں زرعی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے ۔دورے کے موقع پر بتایا گیا کہ ماڈل ایگری مال میں زراعت، لائیو سٹاک، جدید زرعی مشینری، بیج، کھاد اور دیگر متعلقہ سہولیات کسانوں کو ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں۔ کمشنر کو ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین اور ایگری مال کے انچارج اسفند قریشی نے مختلف ڈسپلے پوائنٹس، سروس سیکٹر اور سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ایگری مال انتظامیہ نے بتایا کہ یہ مرکز گزشتہ دو ماہ سے مکمل طور پر فعال ہے اور کسانوں کی جانب سے نہایت مثبت ردعمل موصول ہوا ہے ۔ یہاں ایگری گریجویٹس کسانوں کو جدید زرعی طریقوں اور رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔

ایگری مال کی ٹائمنگ صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک ہے ، جبکہ یہاں ایک ٹریڈنگ سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے ۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اس منصوبے میں 22 مختلف ادارے بطور اسٹیک ہولڈرز شامل ہیں جو باہمی اشتراک سے کام کر رہے ہیں اور کسانوں تک حکومتی سہولیات پہنچانے کے لیے فیلڈ وزٹس بھی کیے جا رہے ہیں۔ مستقبل میں ڈرون ٹیکنالوجی سمیت مزید جدید زرعی مشینری کی فراہمی کا منصوبہ بھی زیر غور ہے ۔کمشنر جہانزیب اعوان نے اس موقع پر کہا کہ ماڈل ایگری مال کسانوں کے لیے نہایت مفید منصوبہ ہے جو زرعی پیداوار میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے ایگری مال کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور اسے کسان دوست اقدام قرار دیا۔ دورے کے موقع پر اے ڈی سی ہیڈکوارٹر ماجد بن احمد اور ایم ڈی ہارٹیکلچر اتھارٹی محمد ارشد بھی ہمراہ تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں