یونیورسٹی آف سرگودھا میں کنٹرولر امتحانات کے زیرِ اہتمام تقریب
یونیورسٹی آف سرگودھا میں کنٹرولر امتحانات کے زیرِ اہتمام تقریب انتھک محنت کرنے والے فیکلٹی وسٹاف ممبران اور والنٹئیرطلبہ میں تعریفی اسناد تقسیم
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا میں شعبہ کنٹرولر امتحانات کے زیرِ اہتمام ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران بارہویں کانووکیشن کے کامیاب اور باوقار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کرنے والے فیکلٹی وسٹاف ممبران اور والنٹئیرطلبہ میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب کے ذریعے اُن افراد کی خدمات کا اعتراف کیا گیا جنہوں نے اجتماعی کاوشوں کے ذریعے کانووکیشن کو یادگار اور منظم انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا۔تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس بطور مہمانِ خصوصی جبکہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان بطور مہمانِ اعزاز شریک ہوئے ۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ریحانہ الیاس، رجسٹرار وقار احمد، ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی اراکین، انتظامی عملہ اور والنٹیئرز طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے بارہویں کانووکیشن کے کامیاب انعقاد پر پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ محنت ہی دراصل اداروں کو عظمت کی بلندیوں تک لے جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یونیورسٹی آف سرگودھا میں ایک ایسی مثالی اور باصلاحیت ٹیم میسر آئی ہے جس نے ہر مرحلے پر اوّل دستہ کا کردار ادا کیا اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کو شعار بناتے ہوئے ادارے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی اجتماعی عزم اور باہمی ہم آہنگی یونیورسٹی کی برق رفتار ترقی کی بنیاد ہے ۔وائس چانسلر نے اس امر کو خصوصی طور پر سراہا کہ کانووکیشن کو روایتی طرز تک محدود رکھنے کے بجائے چار روزہ تقریبات کی صورت میں منعقد کیا گیا، جس کے ذریعے ہر فیکلٹی کے طلبہ کو انفرادی طور پر سٹیج پر مدعو کر کے ڈگریاں تفویض کی گئیں۔