ڈی ایچ کیو میں جدید الٹراساؤنڈ اور سی ٹی اسکین شعبہ کا افتتاح
ڈی ایچ کیو میں جدید الٹراساؤنڈ اور سی ٹی اسکین شعبہ کا افتتاحکمشنر نے نئے تعمیر شدہ بلاک، نصب کی گئی جدید مشینری کا جائزہ بھی لیا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال (ڈی ایچ کیو) میں 10 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے جدید الٹراساؤنڈ اور سی ٹی اسکین شعبہ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔تقریب میں پرنسپل سرگودھا میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر وارث فاروقہ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ خواجہ محمد سہیل بھی موجود تھے ۔ کمشنر نے نئے تعمیر شدہ بلاک، نصب کی گئی جدید مشینری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے چارج سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورے کے دوران ہسپتال میں اس منصوبے کو زیر التوا پایا تھا۔ انہوں نے منصوبے کی تکمیل کے لیے سخت ہدایات جاری کیں اور ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے مسلسل فالو اپ کیا، جس کے نتیجے میں یہ اہم منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔
جس مقام پر نیا شعبہ قائم کیا گیا ہے وہاں پہلے خستہ حال عمارت موجود تھی۔ اب جدید طرز کی نئی عمارت تعمیر کر کے جدید الٹراساؤنڈ اور سی ٹی اسکین مشینیں نصب کی گئی ہیں، جس سے مریضوں کو بروقت اور معیاری تشخیصی سہولیات میسر آئینگی۔کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو علاج اور تشخیص کے لیے دیگر شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے ۔ اس منصوبے کی تکمیل سے سرگودھا اور قریبی علاقوں کے ہزاروں شہری مستفید ہوں گے اور انہیں مقامی سطح پر جدید طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔