کمشنر کا پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا واٹر سپلائی سکیم واسا کے حوالے نہ کرنے پر اظہار برہمی
ایس ڈی اے اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی کارکردگی پر عدم اطمینان، ڈی سلٹنگ تیز کرنے اور صفائی بہتر بنانے ،کارکردگی کی مانیٹرنگ اور مشترکہ اجلاس بلانے کے احکامات جاری
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودھا،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا شہر کی واٹر سپلائی سکیم واسا کے حوالے نہ کرنے پر برہم، ایس ڈی اے اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی کارکردگی پر عدم اطمینان، دونوں اداروں کو ڈویلپمنٹ پر توجہ دینے ، دیہی علاقوں میں ڈی سلٹنگ تیز کرنے اور صفائی بہتر بنانے اورڈپٹی کمشنر کو تمام محکموں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ اور مشترکہ اجلاس بلانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ، تفصیل کے مطابق کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی تمام سرکاری اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ دستیاب فنڈز کو بروئے کار لاتے ہوئے نئے ترقیاتی منصوبے تیار کیے جائیں، سکیموں کی نشاندہی کی جائے اور انہیں اے ڈی پی میں شامل کرنے کیلئے حکومت پنجاب کو بھجوایا جائے تاکہ عوامی توقعات پر پورا اترا جا سکے ۔
انہوں نے یہ ہدایات ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ڈی جی سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، ایم ڈی آرٹیکلچر اتھارٹی، ایم ڈی واسا، ایم ڈی ستھرا پنجاب، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ہاؤسنگ، میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔کمشنر نے ڈی جی ایس ڈی اے سے بریفنگ لیتے ہوئے ادارے کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ایس ڈی اے عوامی توقعات پر پورا نہیں اتر رہا۔ انہوں نے بے ہنگم آبادی، کچی بستیوں میں اضافہ، سیوریج مسائل اور بنیادی سہولیات کی کمی پر تشویش ظاہر کی ہے۔