معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر ریلی ، سیمینار
معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر ریلی ، سیمینار آساں نہیں مٹانا نام و نشاں ہمارا سمیت افواج پاکستان کے حق میں نعرے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) یونیورسٹی آف سرگودھا نے معرکہ حق بنیان مرصوص کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر یومِ تشکر اور جشنِ فتح کے سلسلہ میں اظہار یکجہتی ریلی،سیمینار اور پرچم کُشائی تقریب کا انعقاد کیا، ان تقریبات کا مقصد بھارت کے خلاف پاکستان کی تاریخی اور عظیم فتح پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔تقریب کے آغاز پر وی سی یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے پرچم کُشائی کی جس کے بعد چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر فیروز الدین شاہ نے ملکی سلامتی، تحفظ،خوشحالی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی قیادت میں منعقدہ یکجہتی واک ایڈمنسٹریٹو بلاک سے شروع ہوئی اور لائبریری چوک پہنچ کر اختتام پزیر ہوئی۔
، ریلی میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، رجسٹرار وقار احمد، ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عامر علی، ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر عثمان منہاس سمیت، یونیورسٹی کے تدریسی و انتظامی شعبہ جات کے صدور، فیکلٹی و سٹاف ممبران اور طلباء وطالبات بڑی تعداد میں شریک ہوئے ۔طلبہ نے اس موقع پر پاکستان ہمیشہ زندہ باد، ہم ہیں بنیان مرصوص، قوت اخوت عوام، آساں نہیں مٹانا نام و نشاں ہمارا سمیت افواج پاکستان کے حق میں ستائشی نعرے بلند کیے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اگر ضرورت پڑی تو دفاع وطن کے لیے پاکستان کے نوجوان بھی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ٹھہر کر دشمن کے لیے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے ۔