دریائے جہلم میں ڈوبنے والے شخص کی لاش 3 روز بعد برآمد
شاہ پور صدر (نامہ نگار )دریائے جہلم میں ڈوبنے والے 50 سالہ شخص کی لاش ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے تین روزہ سرچ آپریشن کے بعد 15 کلومیٹر دور سے برآمد کر لی۔7 مئی 2026 کو کنڈان کلاں کے قریب دریائے جہلم میں احمد نواز ولد خیر محمد پلاسٹک کین کی مدد سے دریا عبور کر رہا تھا کہ کین ہاتھ سے چھوٹنے کے باعث وہ پانی کی بے رحم لہروں کی نذر ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی ہدایت پر ریسکیو 1122 نے انسیڈنٹ کمانڈر ہاشم (SI/EMT) کی سربراہی میں واٹر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ریسکیو ٹیموں نے مسلسل تین روز تک سرچ آپریشن جاری رکھا اور بالآخر لاش جائے وقوعہ سے تقریباً 15 کلومیٹر دور ہموکہ کے قریب سے برآمد کر لی۔لاش کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال شاہ پور صدر منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ بعد ازاں مرحوم کو آبائی قبرستان کنڈان کلاں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔