مختلف منصوبوں ماحولیاتی منظوری سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ
این او سیز کے اجرا کے عمل میں تمام قانونی تقاضوں کی پاسداری یقینی بنائی جائے ، کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ڈویژنل انوائرمنٹل اپروول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف منصوبوں اور سرگرمیوں کے لیے ماحولیاتی منظوری اور این او سیز سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن اشفاق الرحمن، کمیٹی کے ایکسپرٹ ممبر، ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران پولٹری شیڈز کی تعمیر سے متعلق 17 منصوبے ماحولیاتی منظوری اور این او سی کے حصول کے لیے کمیٹی کے سامنے پیش کیے گئے ۔ متعلقہ حکام کی جانب سے ان منصوبوں کے ماحولیاتی پہلوؤں، قانونی تقاضوں اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔
کمیٹی نے ایجنڈے میں شامل کیسز کا ماحولیاتی قوانین، قواعد و ضوابط اور مقررہ تکنیکی تقاضوں کی روشنی میں تفصیلی جائزہ لیا اور منظوری دی۔اس موقع پر کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ ماحولیاتی منظوری اور این او سیز کے اجرا کے عمل میں تمام قانونی و تکنیکی تقاضوں کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ اور صاف و صحت مند ماحول کا قیام بھی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ متعلقہ افسران ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے کیسز کو میرٹ، شفافیت اور مقررہ قواعد کے مطابق بروقت نمٹائیں تاکہ عوام اور سرمایہ کاروں کو غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments