گوجرانوالہ :چار مبینہ پولیس مقابلے ، ایک ملزم ہلاک ، 5زخمی
گوجرانوالہ،لدھیوالہ وڑائچ ،قلعہ دیدار سنگھ(کرائم رپورٹر،نمائندگان )گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں رات گئے پولیس کی جانب سے چار مبینہ پولیس مقابلے اور کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ پانچ زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے ۔
تھانہ صدر کامونکی کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت شاہد کے نام سے ہوئی، جو پولیس مقابلوں، قتل اور منشیات کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔دوسری جانب تھانہ ایمن آباد کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران اغوا اور قتل کے مقدمات میں ملوث ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جس کی شناخت وحید کے نام سے ہوئی۔تھانہ اروپ پولیس کی کارروائی میں ناکہ بندی کے دوران فرار کی کوشش کرنے والے دو ملزم بجلی کے پول سے ٹکرا کر زخمی ہو گئے ۔ پولیس نے ملزم زاہد عباس کے قبضے سے 2260 گرام چرس جبکہ ملزم سلیم کے قبضے سے 2240 گرام چرس برآمد کر لی۔اسی طرح تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران منشیات کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ دو ملزم پولیس ناکہ سے فرار ہوتے ہوئے موٹر سائیکل سے گر کر زخمی حالت میں گرفتار ہو گئے ۔ گرفتار ملزم نواز کے قبضے سے 1520 گرام چرس جبکہ اس کے ساتھی صلاح الدین کے قبضے سے 1460 گرام چرس برآمد کی گئی۔