حافظ آباد:کار الٹ گئی ، میاں بیوی جاں بحق ، 3 بچے زخمی
تیز رفتاری کے با عث حادثہ ،کار موٹروے سے اتر کر درخت سے ٹکرا گئی خانقاہ ڈوگراں کے عمران ،اہلیہ فرح دم توڑ گئے ، زخمی،لاشیں ٹراما سنٹر منتقل
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )کوٹ سرور کے قریب تیز رفتار کار الٹنے سے میاں بیوی جاں بحق جبکہ 3 بچے شدید زخمی ہوگئے ۔ حافظ آباد کے علاقے کوٹ سرور انٹرچینج، موٹروے M-2 کے قریب ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں سوات سے خانقاہ ڈوگراں جانے والی تیز رفتار کار بے قابو ہو کر الٹ گئی اور موٹروے سے نیچے اتر کر ایک درخت سے جا ٹکرائی ،حادثے کے نتیجے میں کار میں سوار 5 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 2افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 3 بچوں کو زخمی حالت میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ٹراما سنٹر حافظ آباد منتقل کر دیا گیا۔
جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ عمران ولد افضل سکنہ خانقاہ ڈوگراں شامل ہیں جنہیں سر پر شدید چوٹیں آئیں جبکہ ان کی اہلیہ 40 سالہ فرح زوجہ عمران بھی سر پر شدید چوٹیں آنے کے باعث جاں بحق ہو گئیں۔زخمیوں میں 16 سالہ طاہر، 12 سالہ احمد اور 8 سالہ مومنہ دختر عمران شامل ہیں۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اور موٹروے پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں،لاشوں کو قانونی کارروائی کے بعد ٹراما سنٹر حافظ آباد منتقل کر دیا گیا۔