چوری و ڈکیتی کی 12 وارداتوں میں شہری لاکھوں سے محروم
ڈاکوؤں نے ریس کورس ،شیر اکو ٹ اور دیگر علاقوں میں راہگیروں کو لوٹ لیا 3 کروڑ کی مبینہ چوری میں ملوث گھریلو ملازمہ ساتھی سمیت قصور سے گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارلحکومت میں چوری و ڈکیتی کی 12 وارداتوں میں شہریوں کو لاکھوں نقدی و قیمتی اشیاء سے محروم کر دیا گیا۔ ادھرشادمان کے علاقے میں3 کروڑ روپے کی مبینہ چوری میں ملوث گھریلو ملازمہ کو ساتھی سمیت قصور سے گرفتار کر لیاگیا ۔تفصیلات کے مطابق مسلح ڈاکوؤں نے ریس کورس کے علاقہ میں شازب سے 5لاکھ روپے اور موبائل فون، فیصل ٹاؤن میں انجم سے 4لاکھ 70روپے اور موبائل فون،رائیونڈ میں عرفان سے 4لاکھ35 ہزار روپے اور موبائل فون، مناواں میں اسد اور کاہنہ میں فردین سے 3لاکھ ، 3لاکھ اور موبائل فونز،شیر اکو ٹ کے علاقے میں 20 ہزار روپے اور موبائل فون ،چوہنگ کے علاقے میں ریاض سے 15 ہزار روپے اور موبائل ،ہیر کے علاقے میں سلطان اور نولکھامیں وحید سے 10 ، 10 ہزار روپے اور موبائلفونز چھین لئے ۔دوسری طرف نامعلوم افراد نے ٹاؤن شپ سے آفتاب ، ٹبی سٹی سے شاہد اور نصیر آباد سے زاہد کی موٹرسائیکلیں چوری کر لیں۔ ادھر شادمان پولیس نے 3 کروڑ کی چوری میں مبینہ طور پر ملوث گھریلو ملازمہ کومل اور اس کے ساتھی افروز کو جدید ٹیکنالوجی اور موبائل ٹریکنگ کے ذریعے قصور سے گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 1 کروڑ روپے نقدی ، سونا ،آئی فون اور لیپ ٹاپ برآمد کرلئے ۔ دونوں کو مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔