2خواتین کی ہلاکت :جوڈیشل انکوائری مکمل،تشدد کی تردید
جوڈیشل مجسٹریٹ نے ازخود لاشوں کا معائنہ کیا ، رپورٹ سیشن جج کو جمع کروادی پولیس کو پوسٹ مارٹم رپورٹ وصول ،دونوں کی موت طبعی قرار دی گئی:ذرائع
لاہور(کرائم رپورٹر )ٹاؤن شپ پولیس کی حراست میں 2 خواتین کی ہلاکت کیس میں اہم پیش رفت ،ضابطہ فوجداری 176 کے تحت جوڈیشل انکوائری مکمل ،تشدد کی تردید کر دی گئی۔جوڈیشل مجسٹریٹ کامران کرامت نے ازخود لاشوں کا معائنہ کیا ،دوران انکوائری خواتین پر تشدد کے کوئی شواہد نہیں ملے ، دونوں خواتین کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا،انکوائری رپورٹ میں تھانہ ٹا ؤن شپ کے ایس ایچ او کو دونوں خواتین کا پوسٹمارٹم کروانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں،پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں موت کی حتمی وجوہات کا تعین کیا جا سکتا ہے ،جوڈیشل مجسٹریٹ نے رپورٹ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو جمع کروادی ۔دریں اثناء پولیس کو دونوں خواتین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ وصول ہوگئی جس میں دونوں کی موت طبعی قرار دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق دونوں خواتین کے جسم پر تشدد کے کوئی نشانات نہیں،ان کی موت ہارٹ اٹیک کے باعث ہوئی ۔دونوں خواتین کو 4 اگست کو پولیس نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا تھااوراسی روزہی ان کی تھانہ میں موت ہوئی،جاں بحق خواتین آپس میں نند ،بھاوج تھیں،ان کی تدفین پاکپتن کے علاقہ میں کی جاچکی ہے ۔ورثاء کا کہنا کہ ہمیں ابھی تک پوسٹ مارٹم رپورٹ نہیں دی گئی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments