کار کی ڈگی سے 800کلو مضر صحت گوشت برآمد، ملزم گرفتار
فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے امین پور انٹرچینج کے قریب کارروائی کی ، مقدمہ درج
ٹھیکریوالا ، فیصل آ باد (نمائندہ دنیا ، خصوصی رپورٹر )پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے امین پور انٹرچینج کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مشکوک فیملی کار کی ڈگی سے 800 کلو گرام مضر صحت اور بدبودار گوشت برآمد کرلیا، جو مبینہ طور پر مختلف ہوٹلز کو سپلائی کیا جانا تھا۔ کارروائی کے دوران ڈرائیور کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کے احکامات اور ایڈیشنل ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل آباد احسن محمود کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے امین پور انٹرچینج کے قریب مشکوک فیملی کار نمبر MLC-3400 کو روک کر تلاشی لی۔ گاڑی کی ڈگی سے 800 کلو گرام ایسا گوشت برآمد ہوا جو انتہائی بدبودار اور انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا گیا۔ سپلائر کے پاس گوشت کی ترسیل سے متعلق لازمی ریکارڈ اور دستاویزات بھی موجود نہیں تھے ۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے برآمد شدہ گوشت قبضے میں لے کر پولیس کی موجودگی میں تلف کردیا، جبکہ گاڑی کے ڈرائیور محمد عرفان کو پولیس کے حوالے کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments