جیل سے ہسپتال منتقل چوری کی ملزمہ بچے کو جنم دیکر فرار
نازیہ یاسر کو پولیس کی نگرانی میں علامہ اقبال ہسپتال لایا گیا،بچہ بھی چھوڑ گئی واقعہ کے بعد 2 اہلکار ، لیڈی کانسٹیبل بھی فرار،مقدمہ درج ،ملزمہ دوبارہ گرفتار
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )سیالکوٹ میں چوری کے مقدمہ میں ملوث حاملہ خاتون کو بچے کی پیدائش کیلئے سول ہسپتال منتقل کیا گیا،ملزمہ بچہ پیدا کر کے رفو چکر ہو گئی۔ تھانہ کینٹ کے چوری کے مقدمہ نمبر 748/26 میں حافظ آباد کی رہائشی نازیہ زوجہ یاسر کو پولیس نے پکڑ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا یا ، دو روز قبل خاتون کو پولیس کی نگرانی میں علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ملزمہ نے بچے کو جنم دیا ،پولیس اہلکار نیند کی آغوش میں تھے ملزمہ بچے کو ہسپتال چھوڑ کر رفو چکر ہو گئی،واقعہ کے بعد ملزمہ کے ساتھ ڈیوٹی پر موجوددواہلکاراور لیڈی کانسٹیبل بھی فرارہوگئے ۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او رنگپورہ انسپکٹر ندیم اشرف علامہ اقبال ہسپتال پہنچ گئے جبکہ لائن افسر سب انسپکٹر شکیل خان کی رپورٹ پر دو پولیس ملازمین اور لیڈی پولیس اہلکار کے خلاف ملزمہ کے ساتھ باہم سازش مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرنے اور شیر خوار بچے کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات پر مقدمہ درج کر لیا گیا، پولیس مفرور اہلکاروں اور چوری میں ملوث فرار ملزمہ کو تلاش کر رہی ہے ،ذرائع کے مطابق ملزمہ کو دوبارہ گرفتارکرلیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments