بجٹ اتفاق رائے ٹوٹ گیا،ٹرمپ کو دوسرے سرکاری شٹ ڈاؤن کا سامنا

 بجٹ اتفاق رائے ٹوٹ گیا،ٹرمپ کو  دوسرے سرکاری شٹ ڈاؤن کا سامنا

واشنگٹن(اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ کو اپنی صدارت کے دوران دوسرے سرکاری شٹ ڈاؤن کا سامنا ہے ، امیگریشن اہلکاروں کی فائرنگ سے نرس کی ہلاکت کے بعد امریکی کانگریس میں بجٹ اتفاق رائے ٹوٹ گیاجس سے کئی وفاقی محکموں کی بندش کا خدشہ ہے ۔۔۔

منی پولس میں 37 سالہ نرس ایلکس پریٹی کی ہلاکت کے بعد ڈیموکریٹس نے امیگریشن اداروں کی فنڈنگ پر اعتراض کر دیا۔ اس کے نتیجے میں دفاع، صحت، لیبر ، ٹرانسپورٹ اور ہوم لینڈ سکیورٹی جیسے محکمے متاثر ہو سکتے ہیں۔ ڈیموکریٹس کا موقف ہے کہ جب تک امیگریشن پر کنٹرول کے نئے اقدامات نہیں کیے جاتے ، وہ ڈی ایچ ایس کو فنڈ نہیں کریں گے ۔ وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ امریکی سڑکوں پر کسی کو نقصان پہنچتے نہیں دیکھنا چاہتے ۔ منی پولس میں امیگریشن مخالف کارروائیوں کے دوران دو افراد کی ہلاکت کے بعد انتظامیہ نے ایک بار پھر ڈیموکریٹس کو ذمہ دار ٹھہرا دیا۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کے مطابق شہر میں بدامنی ڈیموکریٹس کے اشتعال انگیز رویے کا نتیجہ ہے ۔ واضح رہے حالیہ دنوں میں ٹرمپ انتظامیہ نے منی پولس میں نقاب پوش وفاقی اہلکار تعینات کیے تھے ، جس پر سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں