یورو فائٹر ٹائفون جنگی طیاروں کی خریداری کیلئے قطر سے معاہدے کا انتظار ہے :ترکیہ
انقرہ(رائٹرز)ترکیہ کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ برطانیہ کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت یورو فائٹر ٹائفون جنگی طیارے حاصل کرنے کیلئے قطر کی جانب سے فروخت کا معاہدہ اور تربیتی پروگرام کا مسودہ بھیجے جانے کا انتظار کر رہے ہیں ۔
نیٹو کے رکن ممالک ترکیہ اور برطانیہ نے گزشتہ سال 20 جنگی طیاروں کی خریداری کے لیے معاہدے پر دستخط کیے تھے ۔انقرہ کا کہنا ہے کہ وہ قطر اور عمان سے مزید 24 جنگی طیارے حاصل کرنے کی کوشش بھی کر رہا ہے ، برطانیہ کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت قطر اور عمان ترکیہ کو اپنے زیرِ استعمال یورو فائٹر ٹائفون طیاروں میں سے کچھ فراہم کر سکتے ہیں، تاہم اس کے لیے فروخت کا ایک علیحدہ معاہدہ ضروری ہے ۔وزارتِ دفاع نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ جنگی طیاروں کی خریداری سے متعلق مذاکرات جاری ہیں اور ترک اور قطری وفود نے اگست اور ستمبر میں اس معاملے پر تکنیکی اور رسدی امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ان امور میں خریدے جانے والے جنگی طیاروں اور گولہ بارود کی تعداد اور دائرئہ کار، پائلٹوں کی تربیت اور طیاروں کی دیکھ بھال کرنے والی ٹیموں کی تربیت شامل تھی۔وزارت نے کہاتوقع ہے کہ قطر تربیتی پروگرام کا مسودہ اور فروخت کا معاہدہ تیار کرکے ہمارے ملک کو بھیجے گا۔وزارتِ دفاع نے مزید بتایا کہ 2027 کیلئے ترکیہ کے دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ اس اضافے کی وجوہات میں فضائی دفاعی نظام اور دفاعی پلیٹ فارمز سے متعلق جاری ملکی دفاعی صنعت کے منصوبے ، ترکی کے مقامی طور پر تیار کیے جانے والے کان لڑاکا طیارے کا پروگرام، ڈرونز کی تیاری اور جہاز سازی شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments