اعلیٰ بیوروکریسی میں تبادلوں کیلئے فہرستیں نگران وزیراعظم کو ارسال
وفاقی اور صوبائی اعلیٰ بیوروکریسی میں تبادلوں کیلئے فہرستیں نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کو ارسال کردی گئیں
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی اور صوبائی اعلیٰ بیوروکریسی میں تبادلوں کیلئے فہرستیں نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کو ارسال کردی گئیں، وزیراعظم آفس وفاقی بیوروکریسی اور بالخصوص صوبوں کے پولیس سربراہان اور چیف سیکرٹریز کے تبادلوں سے متعلق مشاورت کررہا ہے ۔ آنیوالے دنوں میں صوبائی نگران حکومتوں کی مشاورت سے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کے تبادلے کردیئے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گزشتہ ہفتے وفاقی اور صوبائی بیوروکریسی میں تبادلوں کیلئے پولیس سروس آف پاکستان،ایڈمنسٹریٹو سروس اور سیکرٹریٹ گروپ کے سینئر افسروں کے ناموں پر مشتمل فہرستیں وزیراعظم آفس کو بھجوائیں، وزیراعظم آفس میں وفاقی بیوروکریسی بالخصوص وزارت داخلہ ،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور دیگر اہم ڈویژنوں کے سیکرٹریوں کے تبادلوں پر غور کررہا ہے جبکہ صوبوں میں چیف سیکرٹریوں اور پولیس سربراہوں کے تبادلوں پر بھی مشاورت جاری ہے تاہم صوبائی بیوروکریسی کے تبادلے نگران وزیراعظم نگران وزرا اعلیٰ کی مشاورت سے کریں گے ۔