آئینی ترمیم نہیں، حفاظتی دیوار ،کوئی منتخب حکومت سے کھیل نہیں سکے گا: مریم نواز

آئینی ترمیم نہیں، حفاظتی دیوار ،کوئی منتخب حکومت سے کھیل نہیں سکے گا: مریم نواز

لاہور (نمائندہ دنیا ،اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 26 آئینی ترمیم کی منظوری پر وزیراعظم شہباز شریف، تمام قائدین، جمہوری اتحادی قوتوں، اتحادی جماعتوں اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔

اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، بلاول بھٹو، فضل الرحمن سمیت تمام قائدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے سیاست نہیں ریاست اور عوام کے مفاد کو ترجیح دی، پارلیمنٹ کو بالادستی اور خودمختاری کا حق دلایا۔ یہ ترمیم نہیں، حفاظتی دیوار ہے تاکہ کوئی آئین، پارلیمنٹ، منتخب حکومتوں اور اداروں کے وقار سے نہ کھیل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں ترمیم جمہوریت اور آئین دوستوں کے اتحاد کی تاریخی نشانی ہے ۔ 1973 کے آئین کی خالق جماعتوں نے ایک بار پھر دستور پاکستان کو مزید موثر، بہتر اور مضبوط بنانے کا تاریخی کردار ادا کیا ہے ۔ اپوزیشن سے مل کر ہونے والی ترمیم میں عوامی رائے بھی شامل ہے جس سے عدلیہ کا وقار، ساکھ اور کردار بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت کی روشنی میں ترمیم ہوئی، ریلیف پاکستان اور عوام کو ملے گا۔ آئینی ترمیم کے نتیجے میں صرف وہ جج آئیں گے جو آئین اور عوام کے حقوق کے پاسدار ہوں گے ۔ مٹھی بھر شرارتی کرداروں سے نجات قوم کی حیات ہے ۔ عدلیہ نظریہ سہولت اور نظریہ ضرورت کی تلوار سے منتخب وزرائے اعظم کے مینڈیٹ اور منصب کا قتل کرنے والے کرداروں سے پاک ہوگی، رات کے اندھیرے میں جمہوریت اور منتخب حکومتوں پر شب خون مارنے والوں کے خلاف پہلی بار خود عدلیہ بطور ادارہ مضبوط ہوگی جس سے عدلیہ کی ساکھ بہتر اور تاریخ میں لگے داغ دھل سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ پر قابل ججوں کی شفاف تعیناتی عدلیہ کی آزادی اور آئین کی حفاظت کی ضمانت بنے گی۔ عوام کی خوش حالی اور بلاتاخیر انصاف کی فراہمی کے حقیقی مقاصد حاصل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو اور محمد نوازشریف کے سیاسی وژن کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اسحاق ڈار، خورشید شاہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، شیری رحمان، نوید قمر، کامران مرتضیٰ سمیت آئینی ترمیم کرنے والی تمام ٹیم کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

اپنی چھت اپنا گھرپروگرام کے تحت پنجاب بھر میں مکانوں کی تعمیر شروع ہوگئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت مکان بنانے والے خوش نصیب شہریوں کیلئے دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صرف دو ماہ کی ریکارڈ مدت میں لاہور، قصور اور دیگر اضلاع میں پہلی قسط حاصل کرنے والے افراد نے زور و شور سے مکانوں کی تعمیر شروع کر دی۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے قرض کی دوسری قسط کا اجرا شیڈول کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ہر ضلع میں درخواست گزار کی آسانی کے لئے اسسٹنٹ کمشنر کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز سپیشل ڈیش بورڈ پراپنی چھت اپنا گھرپروگرام کی مانیٹرنگ کریں گی۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر بلال یاسین کو فیلڈ میں مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ساڑھے 5لاکھ سے زائد افراد\'\' اپنی چھت، اپنا گھر\'\' پروگرام کیلئے پورٹل سے رجوع کر چکے ہیں۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کیلئے تقریباً پونے 4 لاکھ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں