زمین کھا گئی بندے کو؟ بہت ہوگیا پنجوتھہ کو بازیاب کروا کر پیش کریں: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

زمین کھا گئی بندے کو؟ بہت ہوگیا پنجوتھہ کو بازیاب کروا کر پیش کریں: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے لاپتہ وکیل انتظار حسین پنجوتھہ کی بازیابی کیس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

چیف جسٹس نے کہاکہ کوئی پیش رفت ہوئی ہے، فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے کہاکہ فی الحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی،آئی بی کی رپورٹ آپ نے مانگی تھی،ایس ایچ او نے عدالت کو بتایاکہ آپکے احکامات پر ہم نے رابطہ کیا،دو تصویریں فرنٹ کی ملی ہیں وہ دے دیں، ایئرپورٹ پر گئے لیکن کچھ نہیں ملا،چیف جسٹس نے کہاکہ دس دن سے زائد ہو گئے ہیں آگے بھی چلیں ناں !، آئی بی سے کون ہے آپ نے کیا کیا ہے ،اس موقع پر آئی بی افسر نے عدالت کو بتایاکہ انکی درخواست آئی تھی ابھی دیکھ رہے ہیں،چیف جسٹس نے کہاکہ کبھی کوئی کام خود بھی کرلیا کریں سارا کام عدالت نے ہی کرنا ہے کیا،یہ کوئی بات نہیں ایسے نہیں ہوتا،چیف جسٹس نے کہاکہ آئی بی کو ہم نے ہدایت دی تھی،عدالت کے سامنے کوئی غلط بیانی نہ کریں، غلط بیانی کی کوئی حد ہوتی ہے پھر یہی کہونگا آئی جی کو ، آج منگل کو پیش ہو ں ،دس اکتوبر تک سارے سوئے ہوئے تھے ، بار بار پوچھ رہا ہوں رپورٹ کا کیا بنا،آج ہر حال میں مجھے رپورٹ چاہیے مجھے فائل پر رپورٹ لگی چاہیے ،دس دن ہو گئے کیا زمین کھا گئی بندے کو،کہاں ہیں انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹ،بس بہت ہوگیا ، جو بھی ہومغوی کو بازیاب کرواکے پیش کریں،آئی جی کو کہیں پیش ہو ں ، میں آرڈر پاس کرونگا،عدالت نے سماعت آج تک کیلئے ملتوی کردی۔لاپتہ ایڈووکیٹ کی بازیابی کے لیے وکلا کا اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہرمظاہرہ اور نعرے بازی کی ۔گزشتہ روز بازیابی کیس کی سماعت کے بعد وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ریاست علی آزاد کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا،جس میں فوادچودھری،فیصل چودری،علی بخاری،قمر عنایت راجہ،مصروف ایڈووکیٹ اور دیگر نے شرکت کی،وکلا نے پلے کارڈاٹھا رکھے تھے اور انتظار پنجوتھہ کی بازیابی کے لیے نعرے لگائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں