7354کالج ٹیچرز انٹرنز بھرتی ،طلبہ کو 90دن میں لیب ٹاپ دیئے جائیں:مریم نواز
لاہور(اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے چیف منسٹر لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدف مقرر کرتے ہوئے کہا طلبہ کو 90دن میں لیپ ٹاپ دئیے جائیں۔ پنجاب کے طلبہ کو جدید ترین کور آئی سیون،13جنریشن لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے ۔
وزیراعلی ٰنے 2ہزار اقلیتی طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ دینے کاحکم دیا ۔ انہوں نے میٹرک اور ایف ایس سی کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کی ہدایت کی ۔ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت کامیاب طلبہ کو گارڈ آف آنر بھی دیاجائے گا۔ یونیورسٹیوں کے 20ہزار،کالجز کے 14ہزار، ٹیکنیکل و ایگریکلچر کے 4ہزار، میڈیکل اورڈینٹل کالجز کے 2ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ ملیں گے ۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں 32فیصد جنوبی پنجاب کے طلبہ شامل ہوں گے ۔ سکیم کے تحت 30دن میں 5ہزار اور 20فروری تک 35ہزار لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے ۔ پنجاب بھر میں 30ہزار سرکاری اور 10 ہزار پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو سکالرشپ بھی دئیے جائیں گے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا وزیراعلیٰ ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت 18ہزار طالبات کو وظائف ملیں گے ۔ چار سے پانچ سال تک طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس ہونہار سکالر شپ کے تحت ادا کی جائے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا ہونہار سکالر شپ کیلئے 68329 درخواستیں موصول ہوئیں اور 34290 درخواستوں کی تصدیق مکمل کر لی گئی۔ مریم نواز نے لیپ ٹاپ سکیم میں شفافیت یقینی بنانے پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، سیکرٹری ہائرایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ہائرایجوکیشن انٹرن شپ پروگرام مکمل کر لیا گیا جس کے تحت پنجاب کے سرکاری کالجز میں 7354 کالج ٹیچرز انٹرنز کی بھرتی مکمل کر لی گئی ہے ۔وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ہائرایجوکیشن ڈاکٹرفرخ نوید نے بریفنگ میں بتایا کالج ٹیچر انٹرنز کو8 ماہ کے لئے 50ہزار روپے ماہانہ دیا جائے گا۔ کالج ٹیچر انٹرنز 31مارچ تک سرکاری کالجز میں اکیڈمک سیشن مکمل ہونے تک تدریسی خدمات سرانجام دیں گے ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز سے بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے ملاقات کی جس میں بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا دہشتگرد بلوچستان کی ترقی پر اثر انداز ہونا چاہتے ہیں،بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے ۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے مسئلے کے حل کیلئے بھرپور معاونت کریں گے ۔