وی پی این غیر شرعی نہیں ،جاری بیان میں ٹائپنگ کی غلطی ہوئی اسلامی نظریاتی کونسل

 وی پی این غیر شرعی نہیں ،جاری  بیان میں ٹائپنگ کی غلطی ہوئی  اسلامی نظریاتی کونسل

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب نعیمی نے کہا کہ وی پی این یا کوئی اور ایسا سوشل میڈیا پلیٹ فارم غیر شرعی نہیں البتہ ان کے استعمال کو درست انداز میں ہونا چا ہئے ، رجسٹرڈ وی پی این کا ا ستعمال ہی شرعی طور پر درست ہوگا۔

 وی پی این کے بارے ہمارے جاری کردہ بیان میں ٹائپنگ کی غلطی ہوئی ، بیان میں نہیں اور نہ لکھنے کے سبب غلط فہمی پیدا ہوئی، انٹرنیٹ کے استعمال کے دوران مختلف مقاصد کے حصول کے لئے وی پی این ایپ کا استعمال ہوتا ہے ، کوئی وی پی این، سافٹ و یئر یا کوئی بھی ایپ بذات خود ناجائز یا غیر شرعی نہیں ہوتی، بلکہ ان کے درست اور غلط استعمال پر شرعی حکم کا دارومدار ہوتا ہے اگرتوہین،گستاخی،بدامنی،انارکی اور ملکی سلامتی کے خلاف مواد کا حصول یا پھیلائو ہو تو بلا شبہ ایسا استعمال شرعی لحاظ سے ناجائز ٹھہرے گا اور حکومت وقت کو اختیار حاصل ہو گا کہ وہ اس کے انسداد کے لئے اقدامات کرے ۔ اجلاس کے بعد ممبران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ سوشل میڈیا کو اسلامی تعلیمات کے فروغ، ملکی سلامتی کیلئے استعمال ہونا چا ہئے ، اسے توہین مذہب، فرقہ واریت، انتہا پسندانہ اقدامات و دیگر سرگرمیوں کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہئے ۔جدید ذرائع پر پابندی مسائل کا حل نہیں ،البتہ مناسب متبادل ہونا چا ہئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں