ایک قیدی کو چھڑانے کیلئے تماشا جاری،مریم اورنگزیب
لاہور (سٹی رپورٹر،کورٹ رپورٹر،اے پی پی) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے انقلاب اور بغاوت کے فرق کو سمجھا جائے ،جب ملک ترقی کی طرف گامزن ہوتا ہے تو ایک جما عت احتجاج کرنے لگ جا تی ہے ،ایک قیدی کو چھڑوانے کیلئے یہ سب تماشا کیا جا رہا ہے ،یہ نند اور بھاوج کی لڑائی ہے ۔
بدھ کے روز ایوان وزیر اعلیٰ میں پریس کانفرنس سے خطا ب کر تے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا تمام جماعتوں نے احتجاج کئے ہیں مگر اس طرح جلا ؤ گھیراؤ کی سیا ست کسی جما عت نے نہیں کی۔انہوں نے کہا پی ٹی آئی کا ٹریک ریکارڈ ایسا ہے کہ جب اس کے با نی کو کہاجا تا ہے گاڑی میں بیٹھو تو بیٹھ کر کہتے ہیں کہ اگر مجھے گر فتار کیا گیا تو لوگ با ہر آجا ئیں گے ۔ انہوں نے کہا اگرآپ نے احتجاج کرنا ہے تو اپنے صوبے میں کریں ،مہنگائی سنگل فگر پرآ چکی ہے ،ملک اور سسٹم کے اوپر لوگوں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے ،پنجاب میں ہسپتال بن رہے ہیں اور کسان کارڈ کا اجرا ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا 24 نو مبرکا احتجاج زمان پارک اور بنی گالا کی لڑائی ہے جو نند اور بھاوج کے درمیان ہے ،نند بھاوج کی لڑائی کو جہاد کہا جا رہا ہے کیونکہ بنی گالا کی زمان پارک سے نہیں بن رہی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اﷲتعالیٰ کا فضل ہے کہ ہواؤں کی تبدیلی پنجاب میں سموگ کے خاتمے کے لیے بہتر ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب بات ہوتی ہے سیاسی استحکام ہونا چاہیے تو ملک میں اس وقت دہشتگردی سر اٹھا لیتی ہے ۔صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا پی ٹی آئی والے 24نومبر کو مرنے مارنے اور ریاست کے خلاف فساد مچانے آرہے ہیں حکومت کے پاس پلان اے ، بی، سی اور زیڈ تک پوری اے بی سی ہوتی ہے کسی کو دارالخلافہ یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔لاہورہائیکورٹ میں عدالتی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریاست کو ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے جو ملک میں انتشار پھیلانے کے منصوبے بناتے ہیں۔