لاہورہائیکورٹ میں کل سے سرما کی تعطیلات، مقدمات کی سماعت کیلئے ججز روسٹر جاری
لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ اور علاقائی بینچز میں 25دسمبر سے 8 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات رہیں گی۔ تعطیلات کے دوران کیسز کی سماعت کرنے والے ججز کے روسٹر بھی جاری کر دئیے گئے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پرنسپل سیٹ پر موسم سرما کی تعطیلات کے دوران ججز کا پہلا روسٹر 26 دسمبر سے 31 دسمبر تک نافذ العمل رہے گا، اس دوران پرنسپل سیٹ پر 15 سنگل بینچ جبکہ 5 ڈویژن بینچ کیسز پر سماعت کریں گے ، پہلا ڈویژن بینچ جسٹس علی باقر نجفی اور طارق سلیم شیخ ،دوسرا بینچ جسٹس شمس محمود مرزا اور جسٹس عابد حسین چٹھہ ،تیسرا بینچ جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس طارق ندیم ،چوتھا بینچ جسٹس فیصل زمان خان اور جسٹس مسعود عابد نقوی ،پانچواں بینچ جسٹس علی ضیاباجوہ اور جسٹس وحید پر مشتمل ہوگا، جبکہ سرما کی تعطیلات کا دوسرا ججز روسٹر یکم جنوری 2025 سے 8 جنوری تک نافذ العمل رہے گا اس دوران لاہور ہائیکورٹ میں 7 سنگل بینچ اور 2 ڈویژن بینچ کیسز پر سماعت کریں گے ،پہلا ڈویژن بینچ جسٹس چودھری اقبال اور جسٹس رضا قریشی ،دوسرا جسٹس فارق حیدر اور جسٹس سلطان تنویر پر مشتمل ہوگا ،اس کے علاوہ پنجاب کی ماتحت عدالتوں کی تعطیلات 25 دسمبر سے یکم جنوری تک ہوں گی، ججز اس دوران صرف ضروری نوعیت کے کیسز کی سماعت کریں گے ۔