اسلام آبادہائیکورٹ نے نئے الیکشن ٹربیونل کو کام سے روکدیا
اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے مبینہ دھاندلی کی سماعت کے لیے قائم نئے الیکشن ٹربیونل کو این اے 46 سے متعلق بھی کارروائی آگے بڑھانے سے روکتے ہوئے حکم امتناع جاری کردیااور فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔۔۔
پی ٹی آئی کے امیدوار عامر مسعود مغل کی درخواست پرسماعت کے دوران انکے وکیل فیصل فرید چودھری عدالت پیش ہوئے ،عدالت نے عامر مسعود مغل کی درخواست پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل کو الیکشن پٹیشن کی حد تک بھی کارروائی سے روک دیا،آئندہ سماعت رجسٹرار آفس مقرر کرے گا۔این اے 46 سے انجم عقیل خان ایم این اے بنے تھے ، جنھیں عامر مسعود مغل نے چیلنج کر رکھا ہے ،الیکشن ٹربیونل اب اسلام آباد کے تینوں حلقوں سے متعلق کارروائی آگے نہیں بڑھا سکے گا،اس سے قبل عدالت دیگر دو حلقوں پر بھی حکم امتناع جاری کرچکی ہے ،عامر مغل نے نئے الیکشن ٹربیونل کی تعیناتی کو چیلنج کر رکھا ہے ،جسٹس (ر)عبدالشکور پراچہ تینوں حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اپیل سن رہے ہیں جب کہ الیکشن ٹربیونل نے تینوں حلقوں سے متعلق کیس 24 دسمبر کے لیے مقرر کر رکھا ہے۔