دنیا بھر میں 21ہزار647پاکستانی قید،سعودیہ اور امارات میں سب سے زیادہ

دنیا  بھر  میں 21ہزار647پاکستانی قید،سعودیہ  اور  امارات  میں سب  سے  زیادہ

منشیات، انسانی سمگلنگ، قتل،ہراسانی ، اغوا جیسے الزامات ،کل 13 ہزار 78 مقدمات زیر سماعت، 8569 سزا یافتہ یو اے ای 5297 ،چین 417 ، بھارت میں 738 مقدمات زیر سماعت، وزارت خارجہ کا اسمبلی میں تحریری جواب

 اسلام آباد (اسلم لُڑکا)دنیا کے مختلف ممالک کی جیلوں میں مجموعی طور پر 21 ہزار 647 پاکستانی سنگین نوعیت مقدمات میں قید ہیں۔ وزارتِ خارجہ کی جانب سے قومی اسمبلی میں تحریری جواب کے مطابق ان قیدیوں میں 13 ہزار 78 پاکستانیوں کے مقدمات زیر سماعت  ہیں جبکہ 8 ہزار 569 سزا یافتہ ہیں ۔ ان پر منشیات، انسانی سمگلنگ، قتل، اغوا، ڈکیتی، دھوکہ دہی، جنسی زیادتی، غیر اخلاقی حرکات، ہراسانی سمیت دیگر نوعیت کے سنگین الزامات شامل ہیں ، متعدد ممالک میں قیدیوں سے متعلق معلومات دستیاب نہیں جبکہ کئی ممالک ایسے بھی ہیں جہاں کوئی پاکستانی قید نہیں۔اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ پاکستانی قیدی سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جیلوں میں ہیں ،سعودی عرب میں (جدہ اور ریاض ملا کر) ہزاروں پاکستانی منشیات، قتل، جعل سازی، سرحدی قوانین کی خلاف ورزی، رشوت ستانی، چوری، ڈکیتی، دھوکہ دہی، لڑائی جھگڑے ، اغوا، سائبر کرائم اور دیگر سنگین مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں ، اسی طرح یو اے ای میں 5297 پاکستانیوں کے مقدمات زیر سماعت ہیں۔

افغانستان میں 86 مقدمات زیر سماعت ہیں ،الجیریا، برونائی، کیوبا، گھانا، آئیوری کوسٹ، کینیا سے قیدی رہا ہوچکے ، مالدیپ، میکسیکو، میانمار، نائیجر، روانڈا، سنگاپور، تیونیسیا، ترکمانستان اور یوگنڈا میں کوئی پاکستانی قید نہیں ،چین میں 417 مقدمات زیر سماعت اور 235 سزا یافتہ ، اسی طرح یونان میں 56 مقدمات زیر سماعت جبکہ 460 سزا یافتہ ہیں ،بھارت میں 738 پاکستانیوں کے مقدمات زیر سماعت ہیں ،کوئی سزا یافتہ نہیں، ایران میں 68 کیسز زیر سماعت، 101 سزا یافتہ ہیں ،عراق میں 30 مقدمات زیر سماعت ، 51 سزا یافتہ ہیں ،اٹلی میں 133 مقدمات زیر سماعت، 220 سزا یافتہ ہیں، ملائیشیا میں 134 کے مقدمات زیر سماعت جبکہ 310 سزا یافتہ ہیں ، اسی طرح قطر میں 5 کے کیسز زیر سماعت، 594 سزا یافتہ ، جنوبی افریقہ میں 44 کے کیسز زیر سماعت اور 30 سزا یافتہ ہیں ،سری لنکا میں 24 کے مقدمات زیر سماعت اور 4 سزا یافتہ ہیں، امریکا میں بھی 84 کے مقدمات زیر سماعت اور 57 سزا یافتہ ہیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں