پاکستان نے اسلامی مالیات میں عالمی سطح پر خود کو منوا لیا
سکوک بانڈ کے اجرا اور گرین سکوک کی کامیابی نے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھائے
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان نے اسلامی مالیات کے شعبے میں تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے خود کو عالمی سطح پر مضبوط اور قابلِ اعتماد اسلامی مالیاتی مرکز کے طور پر منوا لیا ہے ۔ سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل کی اصلاحات کے نتیجے میں ملکی مالیاتی اور سرمایہ کاری کے شعبے میں استحکام اور ترقی دیکھنے میں آ رہی ہے ۔حکومتِ پاکستان نے سال 2025 میں ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا سکوک (بانڈ) جاری کر کے عالمی مالیاتی منڈی میں ایک نیا باب رقم کیا۔ وزارتِ خزانہ نے ڈیٹ مینجمنٹ آفس اور جوائنٹ فنانشل ایڈوائزرز کے اشتراک سے 2 کھرب روپے سے زائد مالیت کے سکوک کامیابی سے جاری کیے جسے اسلامی مالیات کی تاریخ میں غیر معمولی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے ۔رواں سال کے دوران فکسڈ اور ویری ایبل ریٹ کے تحت مجموعی طور پر 61 سکوک جاری کیے گئے جن کی مدت ایک، تین، پانچ اور دس سال پر مشتمل تھی۔ پاکستان کے پہلے گرین سکوک نے بھی عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کی اور پانچ اعشاریہ چار گنا سے زائد سبسکرائب ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق 2019 سے 2025 کے دوران سکوک کے مجموعی اجرا کا حجم 8.7 کھرب روپے تک پہنچ چکا ہے ، جو پاکستان کی اسلامی مالیاتی مارکیٹ میں نئے دور کی شروعات ہے ۔