یوسی پی کے 28 ویں کانووکیشن کا آغاز ، 2109 اسناد دی جائینگی

یوسی پی کے 28 ویں کانووکیشن کا آغاز ، 2109 اسناد دی جائینگی

پہلے سیشن میں 253پوزیشن ہولڈرز، 22پی ایچ ڈیز کو میڈلز و اسناد دیں ایک رول آف آنر،ایک میرٹ سرٹیفکیٹ دیا گیا،آج کانووکیشن کا دوسرا روز

لاہور(سٹاف رپورٹر)یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے 28 ویں کانووکیشن کی دو روزہ تقاریب کاگزشتہ روز یو سی پی کیمپس جوہرٹا ئون میں آغاز ہو گیا۔ 4سیشنز پر محیط اس دو روزہ ایونٹ میں 2109 گریجوایٹس کو اسناد دی جائیں گی۔ پہلے سیشن میں 253پوزیشن ہولڈرز، 22پی ایچ ڈیز ،ایک رول آف آنراور ایک میرٹ سرٹیفکیٹ ہولڈر کو میڈلزاور اسناددی گئیں۔ فیکلٹی آف لاء کے شہر یار ربانی رول آف آنر جبکہ فیکلٹی آف میڈیا اینڈ ماس  کمیونیکیشن کی نویرا بابر میرٹ سر ٹیفکیٹ کی حقدار قرار پائیں۔۔پہلے سیشن میں پوزیشن ہولڈرز کے علاوہ لینگویجز اورلٹریچر،ہیومینٹیز اور سوشل سائنسز، فارماسیوٹیکل سائنسز،اورانجینئرنگ فیکلٹیز کے 553 طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں۔جبکہ دوسرے سیشن میں فیکلٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمپیوٹر سائنس کے 552طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں۔

پہلے سیشن کی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین بورڈ آف گورنرز، یو سی پی میاں عامر محمود تھے ۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے گیسٹ آف آنر کے طور پر شرکت کی، دیگر شرکا میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر، پنجاب گروپ آف کالجز سہیل افضل ، پروریکٹر یوسی پی پروفیسرڈاکٹرحماد نوید ، پرو ووسٹ ،ڈینز فیکلٹیز کے علاوہ ذہین طلباء و طالبات، والدین، اساتذہ اورمعزز مہما نان شا مل تھے ۔سی ای او اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب نے اپنے خطاب میں کہا کانووکیشن ایک بڑا سنگِ میل ہے جو برسوں کی محنت، عرق ریزی اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہوتا ہے اور ایک نئے سفر کا آغاز ہے جہاں طلبہ کتابوں کی دنیا سے نکل کر عملی زندگی میں قدم رکھتے ہیں طلبہ اس نئے سفر کا آغاز شکرگزاری کے جذبے سے کریں اور ان ڈھائی کروڑ بچوں کو بھی یاد رکھیں جو تعلیم، کاغذ اور قلم جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور جن کے خواب تعبیر تک نہیں پہنچ سکے ۔زندگی میں چار شعارکو اپنی زندگی کا نصب العین بنائیں جس میں محنت، خدمت، امید اور سچائی شامل ہیں۔

ان کے علاوہ صداقت، عدالت، شجاعت اور سخاوت کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ ملک و قوم اور تہذیبیں مال و دولت کے نہ ہونے سے برباد اور انتشار کا شکار نہیں ہوتیں بلکہ امید کے نہ ہونے سے تباہ ہوتی ہیں۔نا امید نہیں ہونا نا امیدی کفر ہے ۔خواب دیکھیں اور انہیں حقیقت کا روپ دینے کے لئے محنت کریں۔ خطبہء استقبالیہ میں پرو ریکٹر ڈاکٹر حماد نویدنے یو سی پی میں گزشتہ سال کی کامیابیوں کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارا سٹوڈنٹ سروسز سنٹر طلبہ کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے میں ہمہ تن مصروف ہے اسی طرح ہمارے انکیوبیٹر برائے اختراعات اور انٹرپرینیورشپ، تخلیق نے اس سال مجموعی طور پر 3 کروڑ روپے سے زیادہ کا ٹرن اوور ریونیو حاصل کیا۔ہماری ‘‘پاپ اپ سپیس ’’ میں سٹارٹ اپس نے صرف ایک مہینے میں 20 لاکھ سے زیادہ کی مجموعی فروخت حاصل کی اس سال یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے یونیورسٹی آف لیسٹر، برطانیہ کے ساتھ ایک ایم او یو کے تحت باضابطہ طورپر 2+2 انڈرگریجویٹ اکیڈمک پاتھ وے متعارف کروایا جس سے طلبہ اپنی ڈگری کے پہلے دو سال یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں اور بقیہ دو سال یونیورسٹی آف لیسٹر میں مکمل کر سکتے ہیں۔

اکیڈیمیہ اور صنعت کے درمیان فرق کو ختم کرنے کیلئے ہمارے فلیگ شپ فیکلٹی انڈسٹریل پلیسمنٹ پروگرام نے 28 فیکلٹی ممبران کو صنعت میں 2 ماہ تک خدمات انجام دینے کے لئے بھیجاتاکہ وہ ان مسائل کو سمجھنے ، حل کرنے اور زیادہ اہم طور پر ان مسائل کی نشاندہی کریں جو صنعتوں کی کارکردگی کو بڑھا سکتے ہیں۔ہما رے فلیگ شپ جاب فیئر، کیرئیر کنیکٹ 2025 میں 69 سرکردہ تنظیموں اور ڈیڑھ ہزار سے زیادہ طلبہ نے شرکت کی اور سابق طلبہ سے نیٹ ورکنگ فورم ایونٹ کا اہتمام کیا گیا۔ تحقیق اور مطالعہ کی اہمیت کو جانتے ہوئے اس سال 22 پی ایچ ڈیز اور 315 ایم فل/ایم ایس سی کے امیدواروں نے اپنی ریسرچ کاکامیاب دفاع کیا۔یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے انتہائی فعال آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (او آر آئی سی) نے 2025 کے دوران 34ہزار 958 حوالوں کے ساتھ 504 جرنل پبلیکیشنز تیار کیں۔

اس سال ٹیکنالوجی کی منتقلی کے 2 معاہدوں پر دستخط کیے گئے اور 258 گرانٹ جمع کرانے کی سہولت فراہم کی گئی۔ 80 لاکھ مالیت کی 4 بیرونی گرانٹس جیتی گئیں۔ اسی طرح یو سی پی انٹرنل ریسرچ گرانٹس کے تحت 7 انٹرنل گرانٹس کی مدد کی گئی جس کی مالیت 70 لاکھ تھی۔ یونیورسٹی نے 37 ایم او یوز، 6 کنسلٹنسی کنٹریکٹس، 26 فیکلٹی انڈسٹری پلیسمنٹ اور ایک سے زیادہ انڈسٹری - اکیڈمی کے تعاملات کے ذریعے صنعت کی شمولیت کو مضبوط کیا، 24 تربیتی سیشنز اور ورکشاپس کا انعقاد کیا، 20 بیرونی ایکسپو ایونٹس میں سہولت فراہم کی، اور 7 قومی اور بین الاقوامی کانفرنسوں کی میزبانی کی ۔پہلے سیشن کے اختتام پر گیسٹ آف آنر کو سووینئر پیش کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں