47 ارب کا رمضان نگہبان پیکیج منظور، دکھ سکھ میں غریبوں کیساتھ ہیں : مریم نواز
42لاکھ مستحق خاندانوں کو 10، 10 ہزار روپے ،20لاکھ سے زائدافراد کو نگہبان کارڈزملیں گے نگہبان ڈیش بورڈ قائم ،ہر تحصیل میں ’’نگہبان دسترخوان،مریم کے مہمان‘‘ 2ہزارافطاریاں کرائینگے
لاہور(دنیانیوز)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایک کروڑ افرا د کیلئے 47 ارب روپے کے رمضان نگہبان پیکیج کی منظوری دیدی،پنجاب کے 42 لاکھ مستحق خاندانوں کو 10، 10 ہزار روپے دئیے جائیں گے جبکہ رمضان المبارک میں 20لاکھ سے زائدافراد کو نگہبان کارڈز مہیا کئے جائیں گے ۔ مریم نواز کا کہناتھاکہ کوئی بھی مستحق خاندان رمضان المبارک میں تنہا محسوس نہ کرے ،دکھ سکھ میں غریب عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت گزشتہ روز رمضان شریف کی پیشگی تیاریوں اور عوامی ریلیف کے حوالے سے اہم اجلاس میں نادار افراد کیلئے سی ایم راشن کارڈ، نگہبان دسترخوان، سہولت بازار اور دیگر انتظامی امور کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ متعلقہ علاقوں میں گھرگھر جاکروزیراعلیٰ پنجاب رمضان نگہبان کارڈ فراہم کرے گی جس پر اے ٹی ایم کے ذریعے بھی کیش حاصل کیا جا سکے گا ،رمضان نگہبان کارڈ کی ایکٹیویشن کے لئے 136 ایکٹیویشن مراکز قائم ہوں گے جبکہ پنجاب بینک کی اے ٹی ایم سے بھی کارڈ ایکٹو ہوسکے گا۔ بریفنگ میں بتایاکہ راشن کارڈ ہولڈرز کو بھی رمضان المبارک میں 3ہزار ماہانہ کی بجائے 10ہزار روپے دئیے جائیں گے ۔ اجلاس میں رمضان نگہبان ڈیش بورڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے ادائیگی آسان سے آسان تر بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب کی ہر تحصیل میں رمضان المبارک میں 8 نگہبان دسترخوان،مریم کے مہمانقائم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
نگہبان دسترخوان،مریم کے مہمانکے تحت ہر روز 2 ہزار روزہ داروں کی افطاری کرائی جائے گی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رمضان المبارک میں 30 اضلاع میں 65 سہولت بازار فنکشنل ہوں گے جبکہ 50سہولت بازار 15 سہولت آن دی گو اور دیگر 11اضلاع میں عارضی رمضان سہولت بازار قائم کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے فری ہوم ڈلیوری کے لئے نگہبان کارڈ سے بھی ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے 60 تحصیلوں میں سہولت بازار کے لئے فوری طور پر اراضی کی نشاندہی کرنے کا حکم دیا۔ سہولت بازاروں میں نرخ، صفائی، سکیورٹی اور دیگر امور کی نگرانی کے لئے 1250 کیمروں کے ساتھ صوبائی مانیٹرنگ روم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔مریم نواز نے کہا کہ صاحب ثروت افراد کو اپنے ارد گرد موجود مستحق لوگوں کو کھانا کھلانا چاہئے ۔خداکی مخلوق کی خدمت کی ذمہ داری میری ہی نہیں بلکہ ہر کمشنر، ڈی سی اور ہر افسر کی ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہرضلع میں نہروں کی بھل صفائی کی بروقت تکمیل کا حکم بھی دیا۔