پختونخوا اسمبلی :غزہ بورڈ میں شمولیت کیخلاف قرارداد منظور
فلسطینی ریاست کے قیام کو پس پشت ڈال کراسرائیلی عزائم کوتقویت دی جارہی صوبے اور عوام کے لئے کسی کے ساتھ بھی بیٹھنے کو تیار ہیں:وزیر اعلی ٰ کا خطاب
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان کے بورڈ آف پیس میں جانے کیخلاف قرارداد منظور کرلی گئی۔صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم آفریدی نے قرارداد پیش کی جس کے مطابق امریکہ اوراسرائیل کے بنائے گئے بورڈ آف پیس میں پاکستان کی شمولیت کو مسترد کرتے ہیں اور بورڈ آف پیس کی تشکیل اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں پاس قرارداد کے منافی ہے ۔
قرارداد میں کہا گیا کہ بورڈ آف پیس میں غزہ کی لیڈر شپ کو نظر انداز کیا گیا، فلسطینی ریاست کے قیام کو پس پشت ڈال کراسرائیل کے عزائم کوتقویت دینے کی سازش ہے ۔وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فلسطین اور غزہ کی خودمختاری کی حمایت جاری رکھے اور اسرائیلی مظالم کے خلاف دو ٹوک اور اصولی مؤقف اختیار کرے ۔اسمبلی اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ بند کمروں کے فیصلے سے لوگ دلبرداشتہ ہوگئے ہیں۔صوبے اور اس کے عوام کے لیے کسی کے ساتھ بھی بیٹھنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے خیبر پختونخوا کے عوام کو سہولیات فراہم کرنی ہے ۔