خدام الحجاج کی عالمی طرز پر جدید تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )وزارتِ مذہبی امورنے انڈونیشیا ، ترکیہ اور ملائشیا کی بین الاقوامی بہترین روایات کے مطابق خدام الحجاج کی 10 روزہ جدید تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ۔
پہلی مرتبہ پاکستانی خدام کو روایتی بریفنگ کے بجائے سروے آف پاکستان کے تیار کردہ ڈیجیٹل میپس، ریسکیو 1122 کی لائف سیونگ مہارتوں اور اسلام آباد پولیس کے کراؤڈ مینجمنٹ ماڈیولز کے ذریعے لیس کیا گیا ہے جس کا مقصد عازمینِ حج کو مکہ، مدینہ اور مشاعر (منیٰ، مزدلفہ، عرفات) میں کسی بھی مشکل کے وقت فوری اور پیشہ ورانہ مدد فراہم کرنا ہے ۔ حج آپریشن شروع ہونے سے قبل خدام الحجاج کی سپیشلائزڈ ٹریننگ بھی ہوگی۔کوآرڈینیٹر مکہ و خدام الحجاج ذوالفقار خان نے بتایا کہ اس دفعہ ہم نے سروے آف پاکستان کے ماہرین کو مدعو کر کے اپنے خدام کو ڈیجیٹل میپ ریڈنگ سکھائی ہے تاکہ وہ سمارٹ فونز اور پاور پوائنٹ میپس کے ذریعے حاجیوں کی درست رہنمائی کر سکیں، انہیں پہلی بار ریسکیو 1122 کے ذریعے سی پی آر اور ایمرجنسی طبی امداد کی موک ایکسرسائزز اور بنیادی عربی زبان کی مشقیں بھی کروائی گئی ہیں ۔ 870 خدام الحاج کی سپیشلائزڈ ٹریننگ میں انہیں بلڈنگ ریڈی کرنے ، روم الاٹمنٹ اور ’نسک کارڈ‘ کی تقسیم کا عملی طریقہ سکھایا جائے گا۔ ناظم پاکستان سے عازمین حج کے ساتھ مدینہ یا مکہ پہنچیں گے اور واپسی تک ان کیسا تھ رہیں گے ۔