پنجاب : سیلاب متاثرین ریلیف سے محروم، وزیراعلیٰ نے جہاز خرید لیا:مزمل اسلم

پنجاب : سیلاب متاثرین  ریلیف سے محروم، وزیراعلیٰ  نے جہاز خرید لیا:مزمل اسلم

پشاور(آئی این پی )مشیر خزانہ پختونخوا مزمل اسلم نے پنجاب حکومت کے جہاز خریدنے اور خیبرپختونخوا بجٹ پر ردعمل میں کہا کہ پنجاب حکومت نے ابھی تک سیلاب متاثرین کا معاوضہ ادا نہیں کیا تو جہاز خریدنے کی کیا ضرورت ہے ؟ پنجاب کے پاس 1 جیٹ اور 2 ہیلی کاپٹر موجود ہیں تو مزید کی کیا ضرورت تھی۔

 خیبر پختونخوا کے پاس ایک ہیلی کاپٹر ہے ،پختونخوا حکومت ملک کی واحد حکومت ہے جس کے پاس کوئی جیٹ نہیں ۔ ایکس اکا ئونٹ پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے بیان میں مزمل اسلم نے کہا کہ پختونخوا کی مالی پوزیشن بہتر اور کنٹرول میں ہے ، خیبرپختونخوا کا رواں سال کل بجٹ 2ہزار 119 ارب ہے ،صوبائی حکومت ہیلی کاپٹر، جہاز مراعات اور سہولیات کی استطاعت رکھتی ہے لیکن بانی پی ٹی آئی کی پالیسی قوم کی خدمت کرنا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پختونخوا نے مختلف سرمایہ کاریوں میں 600 ارب سے زائد رقم محفوظ کی ، گزشتہ 18 ماہ میں 350 ارب سے زائد سرپلس بجٹ دیا ، گزشتہ ایک سال میں سرمایہ کاری سے 25 ارب سے زائد مالی آمدن حاصل کی ۔ پختونخوا نے 2019 سے ایم پی ایز اور کابینہ اراکین کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا،2022 ء سے گاڑیوں کی خریداری،کاروباری دوروں اور بیرونِ ملک علاج پر پابندی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں