میت ہسپتال سے گھر پہنچانے کیلئے فری ایمبولینس سروس، مریم نواز نے منظوری دیدی

میت ہسپتال سے گھر پہنچانے کیلئے فری ایمبولینس سروس، مریم نواز نے منظوری دیدی

وزیراعلیٰ نے بڑے سرکاری ہسپتالوں اور ہر تحصیل میں سرکاری وہیکل سروس شروع کرنے کے لئے پلان طلب کر لیا فری ایمبولینس سروس دوسرے شہروں کیلئے بھی میسر:بریفنگ، پرائیویٹ ایمبولینس سروس کو ریگولرائزکرنے پر اتفاق

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے میت کو ہسپتال سے گھر پہنچانے کیلئے ایمبولینس سروس شروع کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت گزشتہ روز خصوصی اجلاس ہوا جس میں سرکاری ہسپتالوں میں میت کی گھر تک فری منتقلی کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے بڑے سرکاری ہسپتالوں اور ہر تحصیل میں سرکاری وہیکل سروس شروع کرنے کے لئے پلان طلب کر لیا، اس موقع پر پرائیویٹ ایمبولینس سروس کو بھی ریگولرائز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں پرائیویٹ ایمبولینس سروسز کے ریٹ بھی مقرر کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب کی ہر تحصیل میں ہسپتال سے گھر میت لے جانے کیلئے کم از کم ایک وین میسر ہوگی، مرحوم کے اہل خانہ 1122پر کال کر کے یا ہسپتال کاؤنٹر سے مفت وین سروس لے سکیں گے ۔ میت منتقلی سروس کی سمارٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی، میت کوہسپتال دوسرے شہر لے جانے کی سہولت بھی مفت دی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے ادیب ،شاعر اور ماہر اقبالیات ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم اور وزیر مملکت عبد الرحمن کانجو کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا،انہوں نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں